غزہ،29جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)فلسطینی تنظیم حماس نے مصر اور غزہ کے درمیان سرحد پر سرحد پار دراندازی روکنے کے لیے 12کلو میٹر کے علاقے پر سیکیورٹی بفر زون کے قیام کے قیام پر کام شروع کردیا ہے۔ غزہ میں حماس کے زیرانتظام وزارت داخلہ و نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے حکام نے 12کلو میٹر طویل اور 100میٹر چوڑا بفر زون قائم کرنے کے لیے کام کا آغاز کیا ہے۔ بفر زون کے قیام کا مقصد سرحد پار ہونے والی دراندازی کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کرنا ہیں۔ اس ضمن میں جگہ جگہ کنٹرول ٹاور قائم کرنے کے ساتھ ساتھ خفیہ کیمرے بھی لگائے جائیں گے تاکہ سرحد پار منشیات کی اسمگلنگ روکنے اور اشتہاریوں کے فرار کو روکا جاسکے۔
حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بفرو زون کے قیام کا فیصلہ حال ہی میں حماس کی قیادت کے دورہ مصر کے دوران سیکیورٹی سے متعلق طے پائے دو طرفہ معاہدے معاہدے کا حصہ ہے۔غزہ میں فلسطینی سیکرٹری داخلہ توفیق ابو نعیم نے اے ایف پی کو بتایا کہ بفر زون جلد ہی ممنوعہ فوجی علاقہ قرار دیا جائے گا۔ بفر زون کیقیام کا مقصد سرحد پر مانیٹرنگ کی سہولت، منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام اور اشتہاریوں کے مصر فرار کو روکنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بفر زون کا قیام مصر کے لیے پیغام ہے کہ حماس مصر کی قومی سلامتی اور فلسطینی قومی سلامتی میں کوئی فرق نہیں رکھتی۔ حماس مصر کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دے گی اور غزہ کی سرزمین کو مصر کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔